شاداب خان نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کا نام بتا دیا: غلطیوں سے سیکھنے کی (بھی) ضرورت ہے

پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان نے ویرات کوہلی کے مقابلے بھارتی کپتان روہت شرما کو اپنا پسندیدہ بلے باز قرار دیا ہے۔

بھارتی ٹیم کرکٹ کی دنیا کے چند بہترین بلے بازوں کے ساتھ ساتھ گیند بازوں پر مشتمل ہے جن میں شبمن گل، کے ایل راہول، شریاس آئیر، کلدیپ یادیو اور روی چندرن اشون شامل ہیں۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران جب شاداب سے ان کے پسندیدہ بلے باز اور باؤلر کے بارے پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہا: مجھے روہت شرما بہت پسند ہے، وہ ایک بار پچ پر سیٹ ہونے کے بعد بہت خطرناک بلے باز بن جاتا ہے اور اُسے آؤٹ کرنا بھی آسان نہیں ہوتا ۔ جہاں تک باولر کا تعلق ہے تو مجھے کلدیپ [یادو] پسند ہے کیونکہ میں لیگ اسپنر ہوں۔ وہ اچھی فارم میں ہے اور بھارت میں فلیٹ ٹریک کے باوجود اچھی گیند بازی کرتا ہے۔

پاکستان کے حالیہ خراب کھیل اور ناکامیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

شاداب نے کہا،  کرکٹ کے نقطہ نظر سے، پاکستان کے لئے ایشیا کپ اچھا نہیں رہا، لیکن یہی کرکٹ کی خوبصورتی ہے: آپ اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں، اور ہمیشہ اچھی کرکٹ سیکھنے اور کھیلنے کا موقع ملتا ہے

انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ جو بھی کرکٹ ٹیم اچھی باؤلنگ کرے گی وہی ورلڈ کپ جیتے گی جبکہ کھیل کے میدانوں کے حالات کو دیکھتے ہوئے، فلیٹ ٹریک اور چھوٹی باؤنڈریوں کی نوعیت کے پیش نظر بلے بازوں پر قابو پانا اور وکٹیں لینا مشکل ہو گا۔

پاکستان ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز چھ اکتوبر سے ہالینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔