نواز لیگ میں شامل ہونے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی سے سابق وزیرِ اعلیٰ جام کمال خان کے علاوہ جن سابق اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی اُن میں نور محمد دمڑ، سردار عبدالرحمن کھیتران، محمد خان لہڑی، سردار مسعود لونی، ربابہ بلیدی، شعیب نوشیروانی، میرعاصم کرد گیلو، نوابزادہ جنگیز مری، دوستین ڈومکی شامل تھے۔ ان میں سے ربابہ بلیدی خواتین کی مخصوص نشست پر کامیاب ہوئی تھیں۔
تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے دو سابق اراکین قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی اور سردار عاطف سنجرانی نواز لیگ میں شامل ہوئے۔
مسلم لیگ ن میں بلوچستان سے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سردار فتح محمد حسنی، میر سلیم خان کھوسہ اور میر فائق علی خان جمالی شامل ہوئے۔ میر سلیم خان کھوسہ اور میر فائق جمالی چند ماہ قبل پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے جبکہ پیپلز پارٹی میں شمولیت سے قبل میر سلیم خان کھوسہ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے تھا۔
نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار اور سابق رکن اسمبلی مجیب محمد حسنی اور بی این پی کی سابق رکن اسمبلی زینت شاہوانی بھی ن لیگ میں شامل ہوئے۔ زینت شاہوانی خواتین کی مخصوص نشست پر رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔
شمولیت کرنے والوں میں ضلع آواران سے تعلق رکھنے والے میر رامین محمد حسنی اور سابق سینیٹر سعید الحسن مندوخیل بھی شامل تھے۔
اس اہم شمولیتی تقریب کی کوریج سے مقامی میڈیا کو دور رکھا گیا۔