لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں ماضی کی طرح جعلی حکومت بنائی گئی تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا، 2024 کے انتخابات 2018کی طرح ہوئے توملک کے لیے تباہ کن ہوں گے۔
سراج الحق نے کہاکہ عوام بیدار ہیں، 76برس کے جبر ، ناانصافیوں سے ان کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا، قوم نے مارشل لاادوار، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتیں دیکھ لیں، اب وہ حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں، ادارے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے الیکشن میں غیر جانبداررہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مساویانہ مواقع دیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں میں مقبول ترین جماعت ہے، سازشوں سے عوام کا راستہ نہیں روکاجاسکتا۔ افغانستان میں فتح، ایران میں انقلاب اور قائداعظم کی قیادت میں پاکستان کا معرض وجود میں آنا، عوامی جذبوں اور حمایت کا آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کہا بدقسمتی سے ملک وہ مقصد حاصل نہیں کرسکا جس کی خاطر آزادی حاصل کی گئی، ظالم جاگیردارانہ نظام برقرار ہے ، کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتائج ہیں۔