عام انتخابات : نواز لیگ کو تحریک انصاف سے کوئی خطرہ نہیں، رانا ثناء اللہ

سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک میں دوستوں نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا، اپوزیشن کے اسمبلی سے بھاگنے پر دوست اپوزیشن میں جاکر بیٹھے، شہبازشریف کسی بھی حیثیت میں نوازشریف کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو موقع ملتا ہے تو وہ کیوں حکومت میں شامل نہیں ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب کی ضرورت ہے کہ شہبازشریف دوبارہ وزیراعلیٰ بنیں، شہبازشریف کسی بھی حیثیت میں نوازشریف کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا سفر جہاں رکا تھا وہیں سے شروع ہوگا، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو موقع ملتا ہے تو وہ کیوں حکومت میں شامل نہیں ہوں گے، ہم ہرقیمت میں یہ چاہتے ہیں کہ ہم اکثریت حاصل کریں۔

مسلم لیگ نواز پنجاب کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی کو ایک حادثے کا شکار ہوگئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہورہا ہے وہ ان کا اپنا کیا دھرا ہے، ہمیں کوئی خدشہ نہیں، عمران خان 100 دفعہ آئیں۔