عام انتخابات' الیکشن کمیشن نے پولنگ عملے کیلئے ملازمین کی فہرستیں طلب کرلیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات  میں پولنگ عملے کیلئے  وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں سے افسران و ملازمین کی فہرستیں  طلب کرلیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکریڑیز، سیکرٹری توانائی، گورنر اسٹیٹ بینک اور اکاؤنٹنٹ جنرل کو خطوط  ارسال کیے  ہیں جن میں عام انتخابات کے دوران پولنگ  عملے کے فرائض انجام دینے کے لیے  افسران و ملازمین کی فہرستیں فراہم کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن  کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا  گیا ہے کہ عام انتخابات کے لیے  10 لاکھ پولنگ اسٹاف کی ضرورت ہو گی اور آئین کے تحت تمام وفاقی، صوبائی حکومتیں اور ادارے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔

الیکشن کمیشن نے صوبوں سے تعلیمی اداروں کے اساتذہ، وزارت توانائی اور نیشل بینک اور متعلہ بینکوں کے افسران کی بھی فہرستیں مانگ لی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے  تمام اسٹیک ہولڈرز کو افسران و ملازمین کی فہرستیں جلد مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔