عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کیلئے الیکشن کمیشن کا وزارت داخلہ کو خط

اسلام اباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کی تعیناتی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ خط میں عام انتخابات میں سیکیورٹی سےمتعلق جامع رپورٹ 27نومبرتک طلب کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں ، چیف کمشنر اسلام آباد سے اہلکاروں کی دستیابی سےمتعلق رپورٹ مانگی ہے اور صوبوں میں نفری کی قلت سےمتعلق بھی تحریری آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی کتنی قلت ہے؟ بیک اپ پلان کیا ہے تفصیلات جمع کرائیں۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو سیکیورٹی اہلکاروں کی تفصیلات لیکر جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے لیے تمام آئینی اور قانونی اقدامات کر رہا ہے۔

خط کے متن میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پولنگ کےدن فول پروف سیکیورٹی کیلئےانتظامات کر رہا ہے، پولیس نفری کی قلت پر فوج اور دیگراداروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔