مسلم لیگ (نواز) نے عام انتخابات کیلئے مرکزی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا

پاکستان مسلم لیگ (نواز) نے عام انتخابات کے لیے مرکزی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا۔

پارلیمانی بورڈ کی منظوری مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے دی۔

35 رکنی سینٹرل پارلیمانی بورڈ کا نوٹیفکیشن چیئرمین الیکشن سیل اسحاق ڈار کے دستخط سے جاری ہوا جبکہ 35 رکنی پارلیمانی بورڈ (نواز) لیگ کے ٹکٹوں کا فیصلہ کرے گا۔

پارلیمانی بورڈ میں اسحاق ٹار، خواجہ آصف، مریم نواز، رانا تنویر، احسن اقبال، حمزہ شہباز، غلام دستگیر اور چوہدری شیر علی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ رانا ثناء اللہ، پرویز رشید، سعد رفیق، ایاز صادق، جاوید لطیف، اقبال ظفر جھگڑا، سردار یعقوب ناصر، کیپٹن صفدر، طارق فضل، امیر مقام، مرتضی جاوید عباسی، عطا تارڑ اور مریم اورنگزیب بھی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن اعلان کر چکا ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ سپریم کورٹ میں 11 فروری کی تاریخ سامنے آئی تاہم صدر سے مشاورت کے بعد 8 فروری کی تاریخ پر اتفاق ہوا۔

قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 8 فروری کو کرائے جائیں گے جس کا الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں تاہم الیکشن کے اعلان مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا جبکہ پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں سولو فلائٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

مسلم لیگ (نواز) میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس

دوسری جانب ملک میں عام انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی ڈویژن کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

کمیٹی کے ڈویژنل کوآرڈی نیٹر سینیٹر پرویز رشید کی صدارت میں اجلاس پارٹی کی سینئر راہنما طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ پر ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی اراکین طاہرہ اورنگزیب، مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابرار اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مصدق ملک شریک ہوئے۔

اجلاس میں ضلع اٹک سے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں دینے والے امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے اور ان کی سفارشات لی گئیں۔

کمیٹی نے ضلع اٹک سے امیدواروں سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں اور حلقوں کے حوالے سے سوالات کیے۔

کوآرڈی نیشن کمیٹی اپنی تجاویز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کو پیش کرے گی۔

کمیٹی کا اجلاس (کل) منگل کو بھی جاری رہے گا جس میں ضلع راولپنڈی کی 5 تحصیلوں بشمول میٹروپولیٹن اور کینٹ کے علاقوں سے درخواست گزاروں کے انٹرویوز ہوں گے۔

کمیٹی نے اٹک سے امیدواروں کی نشستوں اورحلقوں کے حوالے سے سوالات کئے کمیٹی اپنی تجاویز مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کو پیش کرے گی