وزارت خزانہ نے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کومطلوبہ فنڈز جلد جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔
ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق الیکشن کمیشن کو ایک دو دن میں مطلوبہ فنڈز جاری کردیے جائیں گے۔ا لیکشن کمیشن کی طرف سے 14 نومبر کو فنڈز کی فراہمی کیلئے خط لکھا گیا جو وزارت خزانہ کو 18 نومبر کو وزارت خزانہ کو موصول ہوا۔ فنڈز اجرا کیلئے مختلف سطح سے منظوری ضروری ہوتی ہے
ترجمان کاکہنا تھا کہ اگلے دو دن میں الیکشن کمیشن کے مطلوبہ فنڈز جاری کردیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے مطلوبہ فنڈز نہ ملنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری خزانہ کو طلب کیا تھا ۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کیلئے42ارب روپے مختص کئے گئے، وزارت خزانہ نے اب تک 10ارب روپے مہیا کئے ہیں،بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ 8فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے فوری طور پر 17ارب روپے درکار ہیں،اس رقم کی فراہمی کیلئے وزارت خزانہ سے بارہا رجوع کیا گیا،وزارت خزانہ کو رقم کی فوری فراہمی کیلئے تحریری یاددہانی بھی کرائی گئی،رقم کی فراہمی سے متعلق ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔