انتخابی شیڈول 14 دسمبر کو سامنے آنے کا امکان ڈی آر اوز، آر اوز کی تعیناتی کیلئے ضلعی انتظامیہ سے افسران کو طلب کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی چھپائی اور ترسیل کا کام بھی کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول کا اعلان ممکنہ طور پر 14 دسمبر کو کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) بھی تعینات کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چاروں صوبوں کی ہائیکورٹس نے جوڈیشل افسران کو ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی کے لیے فارغ کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اب ان فرائض کی انجام دہی کے لیے ضلعی انتظامیہ سے افسران کو طلب کیا جائے گا۔