ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی ہونے کا بہانہ نہیں دیکھنا چاہتے، 8 فروری کو عوام کا فیصلہ قبول کریں گے۔
ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈی آئی خان میں دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتی ہے، پیپلز پارٹی پہلے بھی اس واقعہ کی مذمت کر چکی ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کی بات کرتی رہی ہے اور کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان دہشتگردوں کو ملک میں دوبارہ کس نے آباد کیا اور ان کو کون لایا، دہشتگردوں کو کس کے کہنے پر کھلے عام چھوڑ دیا گیا، دہشتگردی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر شروع ہوگئے ہیں، پچھلے دنوں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا کیس سنا گیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف ملنا چاہیے اور انہیں شہید کرنے میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔
ترجمان پی پی پی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کل پشاور میں وومن ورکر کنونشن سے خطاب کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے نواز لیگ کی سیاست کو ڈرائنگ روم کی سیاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ خود کو ملک کی بڑی کہلوانے والی پارٹی الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے، ہم نے ہمیشہ کہا کہ نیب سیاسی انتقام کیلئے استعمال ہورہی ہے، ایک زمانہ تھایہی نیب نوازشریف پر دھڑا دھڑ کیس بنارہی تھی، نیب ایک ادارہ ہے کسی شخصیت کا نام نہیں، پہلے نیب سے سزائیں مل رہی تھیں،اب دھڑا دھڑ معاف ہورہی ہیں، نیب ماضی میں غلط تھی یا آج غلط ہے عوام کو بتایا جائے، نیب کسی کی جاگیر نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن آٹھ فروری کو ہی ہونے چاہئیں ، جنگوں میں بھی الیکشن ہوتے ہیں ، بینظیر بھٹو کی شہادت پر بھی الیکشن لڑا، نوجوان نسل سلیکشن اور لاڈلے پن کو قبول نہیں کرے گی، فیصلہ عوام کو کرنے دینا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 8فروری کو عوام کا فیصلہ قبول کریں گے ، مسلم لیگ ن کے کچھ دوست کہہ رہے ہیں الیکشن 2ہفتے تاخیر سے ہوں گے، تمام سیاسی پارٹیوں کے تحفظات دور ہونے چاہئیں۔