کراچی: انتخابی شیڈول جاری ہوتے ہی الیکشن کمیشن سندھ کے تمام دفاتر میں ہفتہ وار تعطیلات ختم کردی گئیں۔
الیکشن کمیشن سندھ کے تمام دفاتر تعطیلات میں بھی کھلے رہیں گے، الیکشن کمشنر سندھ کے احکامات پر عام انتخابات تک افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔
الیکشن کمشنر سندھ نے ریجنل و ضلعی الیکشن کمشنرز کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہونے تک ہفتہ اتوار کی تعطیل نہیں ہوگی اور فیلڈ دفاتر بھی تعطیلات میں کھلے رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری 2024 کو ہی ہوگی۔
الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 19 دسمبر سے حاصل کیے جاسکیں گے اور کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
امیدواروں کی انتخابی فہرست 23 دسمبر کو آویزاں کی جائےگی جب کہ امیدواروں کی اسکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک کی جائےگی۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے پر 3 جنوری تک اپیل دائر کی جاسکے گی۔
امیدواروں کی حتمی فہرست 11جنوری 2024 کو جاری کی جائےگی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2024 ہے۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری 2024 کو جاری کیےجائیں گے۔ 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہو گا۔