عام انتخابات کی تیاریاں، تحریک انصاف نے ٹکٹوں کی تقسیم کا فارمولا طے کر لیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2024 کا شیڈول جاری ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے ٹکٹ فائنل کرنے کا عمل جاری ہے۔دیگر جماعتوں کی طرح تحریک انصاف نے بھی ٹکٹوں کی تقسیم کا فارمولا طے کر لیا۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ جو لوگ مشکل وقت میں بھی پارٹی کے ساتھ رہے ہیں، انہیں عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ گئے ہیں ان کی نشستوں پر پی ٹی آئی الیکٹیبلز یا وکلا الیکشن لڑیں گے۔ بلے کا نشان چھن جانے کے خدشے کے پیشِ نظر بھی پی ٹی آئی نے پلان بی پر کام شروع کر دیا۔

 ذرائع تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ آزاد امیدواروں کو میدان میں لانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر خیبرپختونخوا کے ہر حلقے سے دو دو امیدواروں کو میدان میں لانے کے لیے ہوم ورک شروع کرد یا گیا ہے۔

 سوشل میڈیا اور موبائل میسج کے ذریعے ووٹر کو قائل کیا جائے گا۔