مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہارنے کیلئے نہیں کی جاتی اور الیکشن میں صرف جیتنے والے امیدوار اتارے جاتے ہیں۔
لاہور میں (ن) لیگ کے پارلیمانی بورڈ کا بارہواں اجلاس نوازشریف اور شہبازشریف کی زیر صدارت ہوا جس میں سندھ سے امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی حکومت کے باوجود ہم نے سندھ کو ترقیاتی کے منصوبے دیے، سندھ کی عوام پنجاب جیسی ترقی چاہتے ہیں تو (ن) لیگ کو موقع دیں، سندھ کی عوام کو خدمت کی منی بیک گارنٹی دیتا ہوں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے نوازشریف لے رہے ہیں، انہوں نے سندھ کو پر امن بنانے میں اہم کردار ادا کیا اس لیے نواز شریف سندھ کی ضرورت ہیں۔
لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ایم کیو ایم ، جی ڈی اے اور دیگر جماعتوں سے مشاورت جاری ہے۔