الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھی موجود ہے ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار ایسی رائے کا اظہار نہیں کریں گے جو نظریہ پاکستان، ملکی خودمختاری، سلامتی، سالمیت کے خلاف ہو۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسی رائے کا بھی اظہار نہیں کریں گی جس سے عدلیہ یا فوج کی شہرت کو نقصان پہنچے یا ان کی تضحیک ہو۔
اس کے علاوہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق مخالف امیدوار کو دستبردار یا ریٹائر ہونے کی ترغیب یا اس کے لیے رشوت یا تحفہ دینے سے گریز کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ امیداروں کے انتخاب کے وقت خواتین کی 5 فیصد نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں ایسے معاہدے میں شرکت نہیں کریں گی جس کا مقصد مرد، خواتین اور ٹرانسجینڈر کو امیدوار بننے سے روکنا یا ان کو ووٹ سے محروم کرنا ہو۔
حلقہ بندیوں سے متعلق میڈیا کی خبروں پر وضاحت میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 اور رولزکے تحت حلقہ بندیوں کے اصول واضح ہیں، صوبے کی آبادی کو مختص سیٹوں پر تقسیم کیا جاتا ہے تو ہر سیٹ کے کوٹے کا تعین ہو جا تا ہے، اگر کسی ضلع کی سیٹوں کا حصہ 4.49 بنتا ہے تو اسے 4 سیٹیں دی جاتی ہیں۔