تحریک انصاف نے الیکشن کیلئے تین فہرستیں تیار کر لیں ، جاوید چودھری کا انکشاف

سینئر تجزیہ کار و اینکرپرسن جاوید چودھری نے کہا کہ عمران خان کو پتہ ہے اور وہ ذہنی طور پر تیار ہیں وہ 2024 کا الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام پاورپولیٹکس ود عادل عباسی میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف کا  الیکشن لڑنے کا پلان بڑا دلچسپ ہے، جس کیلئے تین قسم کی فہرستیں تیار کی گئی ہیں۔

سینئر صحافی نے کہا ہے کہ ایک فہرست وہ لوگ ہیں جن کے ذریعے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی کوشش کی جائے گی ، ان کے بارے میں یہ خیا ل ہے کہ یہ جب کاغذات نامزدگی جمع کرانے جائیں گے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

کاغذ ات نامزدگی پھاڑ دیے جائیں گے یا پھر انہیں الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیا جائے گا اگر ان کے کاغذات نامزدگی جمع بھی ہو جاتے ہیں تو وہ سکروٹنی میں پھنس جائیں گے۔

دوسری فہرست میں وکلا ہیں ان کا تعلق عدلیہ کے ساتھ ہے ان کے بارے میں یہ خیال کیا جارہا ہے ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہا، پلان بی کے مطابق ان کے کاغذات بھی ساتھ جمع ہو جائیں۔

تیسرے وہ لوگ ہیں جو تحریک انصاف کے پرانے ورکرز ہیں، جنہیں پی ٹی آئی کی حکومت میں کوئی خاص لفٹ نہیں کرائی گئی لیکن اس کے باوجود وہ پارٹی کیساتھ کھڑے رہے ہیں۔

جاوید چودھری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پلاننگ یہ ہے کہ اگر فہرست ایک کے لوگ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے اور اگر بی فہرست کے لوگ بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں کامیاب نہیں ہوتے توایسی صورت میں تیسری فہرست کے لوگوں کی ایک لسٹ الیکشن سے تھوڑا پہلے ڈکلیئر کی جائے گی اور یہ اعلان کیا جائے گا کہ  یہ ہمارے امیدوار ہیں، ہمارے ووٹرز ان کے ووٹ دیں۔