سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔
آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی نواب شاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 پر جمع کرائے گئے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی ان کی بہن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جمع کرائے۔
اس کے علاوہ حلقہ این اے 207 پر پی ٹی آئی کے فاروق چانڈیو اورجی ڈی اے کے زاہد شاہ نے بھی کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی درخواستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کر دی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار کاغذات نامزدگی 24 دسمبر تک جمع کرا سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست بھی 24 دسمبر تک دے سکتی ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کی جائے گی۔