پنجاب میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کے معاملے پر الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے آئی جی پنجاب کو فون کیا اور کہا کہ ریٹرنگ افسران کےکام میں مداخلت قبول نہیں ہے، شفاف الیکشن کیلئے سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ ان کے رہنماؤں اور امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا جارہا ہے اور ان پر تشدد کرکے گرفتار کیا جارہا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے، اگر پولیس نے کسی امیدوار کو روکا تو کارروائی ہوگی۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات میں کسی رکاوٹ کو برادشت نہیں کریں گے۔
جس پر آئی جی پنجاب نے صوبائی الیکشن کمشنر کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے تمام آر پی آوز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ شفاف الیکشن کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں۔