ن لیگ سے کچھ لو اورکچھ دو کی بنیاد پربات ہوگی، عبدالغفور حیدری

جمعیت علمائے اسلام(ف)کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپیل میں جائے گی تو انہیں بلے کا انتخابی نشان مل جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران جے یو آئی (ف) کے رہنما عبدالغفورحیدری نے ایک بیان میں کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کوپھر سے ہم پر مسلط کیا جائے گا؟ انہوں نے کہا کہ تمام ترتحفظات کے باوجود الیکشن میں جارہے ہیں، پی ٹی آئی اپیل میں جائے گی تو بلا مل جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ سے کچھ لو اورکچھ دو کی بنیاد پربات ہوگی، پیپلزپارٹی جانتی ہے سندھ میں متبادل قوت جے یو آئی ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں 8 فروری 2024 کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں جب کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے آئین کے مطابق الیکشن نہ کروانے پر پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان سے بلے کا نشان بھی واپس لے لیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔