ترجمان الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔
عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری روز تھا، آج 25 دسمبر سے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل شروع ہوگیا جو 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے قومی اورصوبائی اسمبلیوں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر سے کل 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے، جن میں سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 7 ہزار 913 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جب کہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے کل 18 ہزار 546 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔
واضح رہے کہ نیب کے الیکشن سیل نے نوازشریف، مریم نواز سمیت مسلم لیگ ن کے تمام امیدواروں کو اسکروٹنی میں کلیئر کردیا ہے، جب کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کی اسکروٹنی بھی جاری ہے۔