سردار مہتاب احمد خان عباسی کا آزاد حیثیت سےالیکشن لڑنے کا اعلان' کاغذات نامزدگی جمع

 ایبٹ آباد: سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان عباسی نے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

 تفصیلات کے مطابق سردار مہتاب احمد خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 16 ایبٹ آباد سے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ 

مسلم لیگ ن نے اس حلقے پر ٹکٹ پارٹی صوبائی جنرل سیکرٹری سردار مرتضیٰ جاوید عباسی کو دیا ہے۔

 خیال رہے کہ سردار مہتاب عباسی مسلم لیگ  ن دور کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جبکہ نواز شریف کے تیسرے دور میں خیبر پختونخوا کے گورنر بھی رہے ہیں تاہم نواز شریف سے اختلافات کے باعث وہ گزشتہ کئی ماہ سے پارٹی سرگرمیوں سے لاتعلق تھے۔

 یاد رہے کہ سردار مہتاب احمد خان عباسی رواں ماہ کے اوائل میں مسلم لیگ ن سے باضابطہ راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

 سردار مہتاب احمد خان نواز شریف کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔ جنہوں نے جنرل پرویز مشرف دور آمریت میں مسلم لیگ ن چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔