امیدواروں کے کاغذات کی جانچ جاری، کم عمری پر این اے 125 سے ایک امیدوار کے کاغذ مسترد

لاہور کے مختلف حلقوں میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع ہوگئی۔

 پہلے روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما  حمزہ شہباز اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے کاغذات چیک کیے گئے جب کہ این اے 125 سے آزاد امیدوار حنان حیات کے کاغذات کم عمری کی بنیاد پر مسترد کردیے گئے۔

کمشنر آفس لاہور میں ریٹرننگ افسران نے این اے 118 اور این اے 121 کے امیدواروں کی اسکروٹنی کی۔

این اے 118 کے لیے حمزہ شہباز کے کاغذات کی جانچ پڑتال ان کے وکیل علی رضا نے کرائی، اسی حلقے سے میاں مجتبی شجاع الرحمان کے کاغذات بھی چیک کیے گئے جب کہ  پی ٹی آئی کے فیصل رضا، رضوان ضیاء اور پیپلز پارٹی کے شاہد عباس کے کاغذات بھی چیک کیے گئے۔

 این اے 121 سے رانا احسن شرافت اور منظور بٹ نے ایاز صادق کے کاغذات جانچ پڑتال کیلئے پیش کیے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغر کے کاغذات کی جانچ پڑتال بھی ہوئی،  پی پی 162 سے ذوالفقار علی بدر اور پی پی 155 سےحافظ سعید کے صاحبزادے طلحہ سعید کے کاغذات کی جانچ کی گئی۔

واضح رہے کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 30 دسمبر تک جاری رہے گا اور مخصوص اقلیتی و خواتین امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 26  دسمبر سے شروع ہوگی۔