شائے گِل کی افواجِ پاکستان کے حق میں پوسٹ نے بھارتیوں کو مرچیں لگا دیں

پاکستانی میوزک انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت گلوکارہ شائے گِل ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، مگر اس بار وجہ ان کی آواز نہیں بلکہ ان کی حب الوطنی ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران شائے گِل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے نہ صرف افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا بلکہ پاکستانی قوم کی جرات و بہادری کی بھی بھرپور تعریف کی۔

شائے گِل، جنہوں نے ’پسوڑی‘ جیسے سپر ہٹ گانے سے سرحد پار لاکھوں دلوں کو جیتا، اب بھارت میں چند انتہا پسند حلقوں کی تنقید کی زد میں آ چکی ہیں۔ ان کے انسٹاگرام پر افواجِ پاکستان کے حق میں دیے گئے پیغام کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کا اکاؤنٹ بلاک کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

گلوکارہ نے اپنی اسٹوری میں کہا، ’میں اپنی بہادر افواج اور جری قوم کو سلیوٹ پیش کرتی ہوں، جنہوں نے دشمن کے سامنے بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔ معصوم بچوں کی شہادت دل دہلا دینے والی ہے، مگر مجھے یقین ہے وہ اب ایک پرامن مقام پر ہوں گے۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر بھارتی صارفین نے شائے گِل کی انسٹا اسٹوری کا اسکرین شاٹ شئیر کرتے ہوئے پوسٹس سخت ردِعمل دیا، یہاں تک کہ کچھ افراد نے پاکستانی فنکاروں کی فہرستیں شیئر کرتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کی اپیل بھی کی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل متعدد معروف پاکستانی ستاروں جیسے ماہرہ خان، علی ظفر، ہانیہ عامر، سجل علی اور دیگر کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارت میں محدود کیے جا چکے ہیں۔