عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ سے چوتھی بار انکار، لاہور پولیس ٹیم اڈیالہ جیل سے خالی ہاتھ واپس

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا، یہ چوتھی بار ہے کہ انہوں نے اس نوعیت کے ٹیسٹ میں تعاون سے گریز کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم عدالتی حکم پر 9 مئی واقعات کی تفتیش کے سلسلے میں پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی، تاہم عمران خان نے ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نہ صرف پولیس ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے بلکہ انکار کی وجہ سے فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ بھی ممکن نہ ہو سکا۔ پولیس ٹیم چار گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں موجود رہی، لیکن بالآخر خالی ہاتھ واپس روانہ ہونا پڑا۔
لاہور پولیس کی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں پہنچی تھی، جس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین بھی شامل تھے۔ ٹیم دوپہر تقریباً 12:45 پر جیل پہنچی تھی۔
واضح رہے کہ عمران خان اس سے قبل بھی تین مرتبہ لاہور پولیس کی جانب سے پولی گرافک ٹیسٹ کے مطالبے پر انکار کر چکے ہیں۔