کراچی، ایک دن میں 5ویں بار زلزلہ، شہری شدید خوف کا شکار

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک ہی روز کے دوران پانچویں بار زلزلے سے زمین لرز اٹھی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کی رات 8 بج کر 49 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

لانڈھی، کورنگی، ملیر سمیت دیگر علاقوں کے شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے اور وہ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.0 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی زیر زمین 13 کلومیٹر اور مرکز ڈی ایچ اے کے مشرق سے 30 کلومیٹر دور تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ شام سے زلزلوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور اب تک بہت زیادہ جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین نے ان زلزلوں کی سائنسی وجہ بیان کی اور کہا ہے کہ ان سے شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ اب آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جو کچھ روز تک یوں ہی جاری رہ سکتا ہے۔