عمرہ ویزا کی آڑ میں گداگروں کو سعودی عرب بھیجنے والا اسمگلر گرفتار

 وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے عمرہ ویزا کی آڑ میں گداگروں کو سعودی عرب بھیجنے کے مکروہ دھندے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سردار محمد عادل نے درجنوں خواتین کو عمرہ ویزا پر سعودی عرب بھجوایا، جہاں وہ مبینہ طور پر گداگری میں ملوث رہیں۔ خواتین کو ملازمت کا جھانسہ دیا گیا تھا، تاہم ویزا کی معیاد ختم ہونے کے باوجود وہ دس ماہ تک سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم رہیں۔

سعودی حکام نے بعد ازاں ان خواتین کو زائد المعیاد قیام کی بنیاد پر پاکستان ڈی پورٹ کر دیا۔ ڈی پورٹ ہونے والی خواتین نے تفتیش کے دوران اس گھناؤنے دھندے میں ملوث اصل شخص، سردار محمد عادل کی نشاندہی کی، جس پر ایف آئی اے نے اسلام آباد میں چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا بھی امکان ہے اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔