انتخابات میں کامیاب ہو کر پاکستان کو امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے: سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری کا دن سابقہ حکمران جماعتوں کیلئے احتساب کا دن ہو گا۔

اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران عوام کے نہیں بلکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے نمائندے ہیں، ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار مجموعی وسائل پر قابض ہیں، دس کروڑ عوام مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے باعث غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، انتخابات میں کامیاب ہو کر پاکستان کو بدامنی اور امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے برسوں سے پاکستان کے اداروں کو تباہ کیا ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے عوام ترازو پر مہر لگائیں، ملائیشیا نے 1965ء میں پاکستان کے معاشی منصوبے پر عمل کر کے ترقی حاصل کی، سابقہ پی ڈی ایم ایک دوسروں کو مناظرے کا چیلنج دے رہے ہیں، جماعت اسلامی خاندانوں کی بجائے اللہ کی بادشاہت کے قیام کیلئے ہوگی۔

قبل ازیں راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیدوار عوام میں ہیں، 8 فروری کا دن 25 کروڑ لوگوں کیلئے خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا، 8 فروری غریب اور بدامنی کے خاتمے کا دن ہے، چاہتے ہیں عوام کے حقیقی ترجمان ایوانوں میں پہنچیں، قوم کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا اب ان کی سیاست ختم ہونی چاہئے۔

سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ نوازشریف کہہ رہے تھے شہباز شریف بہت باصلاحیت ہیں، آصف زرداری بلاول بھٹو کی تعریفیں کر رہے تھے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن 25 سال کی کارکردگی بتائیں؟ انہوں نے عوام کوغربت، مہنگائی اور کرپشن کا تحفہ دیا، آج ملک میں ہر فرد حالات کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتا ہے، 8 فروری کرپشن کے خاتمے کا دن ہے۔