الیکشن 2018 میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے 10 امیدوار کون ہیں؟

الیکشن کا دن اب قریب نہیں بلکہ بہت قریب آگیا ہے اور سیاسی جماعتوں نے زیادہ سے زیادہ ووٹروں کو قائل کرنے کے لیے انتخابی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔

الیکشن 2018ء  میں کئی امیدوار بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر کے ایوانوں تک پہنچے تھے تاہم اس مرتبہ بھی ایسا ہوگا یا نہیں، یہ کچھ دنوں میں پتہ چل جائے گا لیکن جب تک  2018ء کے الیکشن پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں کہ پاکستان سے سب سے زیادہ ووٹ کس امیدوار نے حاصل کیے تھے۔

2018ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کے چوہدری شوکت علی بھٹی نے پاکستان بھر سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔

وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 87 سے 1 لاکھ 65 ہزار 835 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

دوسرے نمبر پر بانی پی ٹی آئی تھے جنہوں نے این اے 95 پر 1 لاکھ 65 ہزار 518 ووٹ حاصل کیے تھے۔

تیسرے نمبر پر پی ٹی آئی کے طاہر صادق نے 2018ء کے الیکشن میں این اے 56 سے 1 لاکھ 64 ہزار 178 ووٹ حاصل کیے تھے۔

چوتھے نمبر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے احسن اقبال نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 78 پر 1 لاکھ 60 ہزار 20 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔

مسلم لیگ ق کے پرویز الہٰی نے گزشتہ انتخابات میں این اے 65 پر 1 لاکھ 58 ہزار 477 ووٹ لیے تھے جبکہ پی ٹی آئی کے امجد علی خان نے این اے 96 پر 1 لاکھ 58 ہزار 191 ووٹ حاصل کیے تھے۔

تحریک انصاف کے ذوالفقار علی خان نے 2018ء کے الیکشن میں ساتویں نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے، انہوں نے این اے 64 سے 1 لاکھ 55 ہزار 598 ووٹ حاصل کیے تھے۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 232 سے پاکستان پیپلز پارٹی کی شمس النساء 1 لاکھ 52 ہزار 700 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھیں۔

مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ناصر اقبال بوسل نے این اے 86 کی نشست پر 1 لاکھ 47 ہزار 394 ووٹ حاصل کیے تھے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے این اے 124 پر 1 لاکھ 46 ہزار 306 ووٹ حاصل کیے تھے۔