انتخابی مہم کا وقت ختم : ہر 4 میں سے 3 پاکستانی انتخابی نتائج قبول کرنے کو تیار، 76 فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم کریں گے : سروے رپورٹ

ہر 4 میں سے 3 پاکستانی انتخابی نتائج قبول کرنے کو تیار ہیں، اپسوس اور پاکستان پلس نے سروے جاری کردیا۔

پاکستانی ووٹرز سے کیے گئے تازہ سروے میں 76 فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم کریں گے۔

جماعتوں کے اعتبار سے کیے گئے جائزے میں پیپلز پارٹی کے 94، مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی کے 87 اور پی ٹی آئی کے 67 فیصد ووٹرز نے کہا ہے کہ وہ 8 فروری کو ہونے والےعام انتخابات کے نتائج تسلیم کریں گے۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوچکا ہے۔

پریزائڈنگ افسران کو آج انتخابی سامان دیا جائے گا، انتخابات کے لیے لاہور، قصور اور شیخو پورہ میں فوج تعینات کی گئی ہے۔ 

پاک فوج کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا، پاک فوج کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر الرٹ رہیں گے۔

ووٹ کے لیے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جاسکے گا، حکام کے مطابق الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔