ووٹوں کی دوبارہ گنتی، درخواستوں کی وصولی 10 اور 11 فروری کو ہوگی

ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواستوں کی وصولی کے لیے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ 10 اور 11 فروری کو کھلا رہے گا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواستیں صبح 8:30 سے شام 4:30 تک لی جائیں گی، درخواستوں پر سماعت 10 اور11 فروری کو بھی ہوں گی۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پٹیشن جمع کرانے کے لیے ضروری ہدایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں، امیدوار ایس او پیز کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کراسکیں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پٹیشنز کی 9 کاپیاں، ایک اصل اور 8 کاپیاں معہ مکمل تفصیل جمع کرانی ہوں گی، درخواست دہندہ درخواست کی سافٹ کاپی پی ڈی ایف میں مہیا کرے گا۔

درخواست دہندہ جو بھی ان کے پاس ثبوت ہوں گے وہ یو ایس بی میں دیں گے، درخواست دہندہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، موجودہ پتہ اور رابطہ نمبر لکھیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ درخواست دہندہ مدعا علیہان کے مکمل کوائف اور پتہ تحریر کریں گے، وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے پر وکالت نامہ منسلک کرنا ہو گا، صرف مقررہ تاریخ اور وقت پر موصول درخواستیں سماعت کے لیے مقرر ہوں گی۔