کراچی میں سمندری ہوائیں مکمل بحال

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں، جس سے موسم میں قدرے بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ دن کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہواؤں کی رفتار 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی جا سکتی ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور گرمی کی شدت 37 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔

پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔