نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچا رکھی ہے، جس کے نتیجے میں مزید 41 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ اموات کے بعد ملک بھر میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 820 تک جا پہنچی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں 231 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جب کہ بلوچستان میں 225 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 166، پنجاب میں 151، آزاد کشمیر میں 37 اور گلگت بلتستان میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق زخمی ہونے والوں کی کل تعداد 1315 تک پہنچ چکی ہے، جن میں سب سے زیادہ یعنی 701 زخمی سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث متاثرہ علاقوں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔