ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی اور بارش کے دوران آبپارہ مارکیٹ میں ایک درخت گرنے سے سڑک بند ہوگئی جبکہ درخت کے نیچے کھڑی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ لاہور، فیصل آباد، خوشاب، ہری پور، اور لوئر دیر سمیت کئی شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، مگر تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے نے آندھی، بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر پنجاب کے کئی اضلاع میں الرٹ جاری کیا ہے۔ مری، نارووال اور لاہور سمیت متعدد علاقوں میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساہیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔