محکمہ موسمیات کا ملک کے مختلف حصوں کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تازہ پیشگوئی کے مطابق 26 اپریل سے یکم مئی کے درمیان سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آئیں گے جہاں درجہ حرارت معمول سے 5 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔

ادارے کے مطابق 27 سے 30 اپریل تک بالائی پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ان ہی دنوں کے دوران درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری کا اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی یہ لہر یکم مئی تک برقرار رہ سکتی ہے، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں 30 اپریل کے بعد ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال بڑھائیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہ سکیں۔