اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت اور ملحقہ علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے، جس پر شہریوں کو انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ گہرے بادل چھا جانے اور گرج چمک کا سلسلہ شروع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
دو روز قبل بھی اسلام آباد میں اچانک ژالہ باری سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں پنجاب، اسلام آباد اور شمالی علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں سے بجلی کے نظام اور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جبکہ ژالہ باری سے فصلوں کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
شمالی علاقوں میں 18 سے 20 اپریل تک ندی نالوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین اطلاعات سے باخبر رہیں، اور سفر سے پہلے سڑکوں کی صورت حال کا جائزہ لے کر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔