خیبرپختونخوا طوفانی موسم کی زد میں: مزید بارشوں کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی حالات کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ اور مہمند میں آج بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بھی صوبے کے کئی اضلاع شدید بارشوں اور طوفان کی لپیٹ میں رہے۔ باجوڑ، مردان، مالاکنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ، خیبر، سوات اور کوہاٹ میں طوفانی بارشیں ہوئیں، جس کے باعث معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے۔

ضلع خیبر میں سیلابی ریلے کی زد میں آ کر ایک گاڑی بہہ گئی، جب کہ افسوسناک واقعے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ایف سی اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ بٹگرام میں پہاڑوں سے آنے والا شدید ریلا کئی موٹرسائیکلیں بہا لے گیا۔

بارشوں کے باعث باغات، کھڑی فصلیں اور مقامی انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔