نگران وزیر داخلہ کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ، سکیورٹی صورتحال پر اظہار اطمینان

نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے وزارت داخلہ کے کنٹرول روم، سیف سٹی اسلام آباد اور مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور الیکشن کے دوران سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز کو  پولنگ اسٹیشنز  کے دوران سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں فی الحال کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔

ٹانک میں پولیس پر ہونے والے حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امید ہے کہ ملک بھر میں انتخابات کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہو گا۔

دوسری جانب نگران وزیر داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ مشتبہ سرگرمیوں پرپولیس بروقت رسپانس کویقینی بنائے اور  پولنگ اسٹیشنز  پر آنے والے بزرگ شہریوں اور خواتین کاخاص خیال رکھا جائے۔

آئی جی سندھ رفعت مختار  راجہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے تمام افسران اور جوان الرٹ اور  تیار  ہیں جبکہ سندھ پولیس وسائل، افرادی قوت کو بہترین طریقے سے استعمال میں لا رہی ہے۔