آزاد امیدواروں کی شمولیت، مسلم لیگ ن پنجاب کی سب سے بڑی جماعت بن گئی

پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ جاری، مسلم لیگ ن پنجاب میں سب سے بڑی جماعت بن گئی، ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن تحریک انصاف کے حمایت یافتہ دو وکٹ اور حاصل کر لیں، مجموعی طور پر اب تک 10 سے زائد صوبائی اسمبلی کے آزاد امیدوار مسلم لیگ ن میں شامل ہو چکے ہیں۔

پنجاب بھر میں مسلم لیگ ن کے اب تک مجموعی طور پر ارکان پنجاب اسمبلی کی تعداد 150 ہوگئی ہے، صوبائی صدر مسلم لیگ ن رانا رانا ثنااللہ خان نے بھی ن لیگ کے 150 ارکان کی تصدیق کر دی ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ میں شامل ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 235 وہاڑی سے جہانزیب خان کھچی اور پی پی 236 سے علی رضا خاکوانی نے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے ملاقات کر کے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

مسلم لیگ (ن) کی سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے 7 نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی اور ن لیگ میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، مریم نواز سے ملاقات کر کے ن لیگ میں شامل ہونے والوں آزاد امیدواروں میں پی پی 240 بہاولنگر سے سہیل خان، پی پی 48 سیالکوٹ سے خرم ورک، پی پی 249 احمد پور شرقیہ، پی پی 297 راجن پور سے خضر مزاری، پی پی 96 چنیوٹ سے ذوالفقار علی شاہ، پی پی 49 پسرور سے رانا فیاض اور پی پی 97 چنیوٹ سے ثاقب چدھڑ شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی، پی پی 94 چینیوٹ سے تیمور لالی، پی پی 48 پسرور سے خرم ورک، پی پی 49 سیالکوٹ سےرانا فیاض باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر چکے ہیں۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف نے آزاد ارکان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی اور ان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا فیصلہ پاکستان کے عوام کی مشکلات کے حل کا ذریعہ بنے گا، آپ کا اعتماد عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے میں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آزاد ارکان اسمبلی نے بھی قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور عوام کی خوش حالی کے ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔