عمران خان کا مینڈیٹ رات کی تاریکی میں چُرا لیا گیا، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مینڈیٹ رات کے اندھیرے میں چرایا گیا ہے۔

’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں رؤف حسن نے کہا کہ پاکستان کو مزید عدم استحکام کے راستے پر ڈالا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی زیرِقیادت مخلوط حکومت کے ممکنہ قیام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتیں بنانے کے لیے عوام کے مسترد شدہ مجرموں کے ایک گروپ کو ساتھ ملانے کا فیصلہ ملک کو درپیش سنگین چیلنجز کے حوالے سے ایک محدود نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ صورتحال جمہوری قدروں اور اصولوں کے بالکل خلاف ہے جو قومی مفادات اور عوام کی فلاح و بہبود سے لاتعلقی کی عکاسی کرتی ہے۔

رؤف حسن نے مزید کہا کہ پس پردہ قوتوں کو اب رک جانا چاہیے اور اختیارات ان لوگوں کو منتقل کردینے چاہئیں جنہیں عوام نے اپنا لیڈر منتخب کیا ہے۔

واضح رہے کہ سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں 8 فرروی کو عام انتخابات کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادی جماعتوں نے ساتھ چلنے اور مل کر حکومت بنانے کا کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پورے ملک سے 180 نشستیں جیتی ہے اور جمعرات تک وزیراعظم کےلیے نام کا اعلان کرے گی۔