پاکستان تحریک انصاف کا پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(نواز) اور اتحادیوں کے ساتھ پاور شیئرنگ سے انکار: بیرسٹر گوہرکی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت

پاکستان تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن) اور ایم کیو ایم کے ساتھ کسی بھی قسم کی پاور شیئرنگ سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تفصیل سے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور ساتھ ساتھ اس بات پر بھی تفصیل سے بات ہوئی کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کیسے کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے الیکشن کے حوالے سے بات ہوئی اور انہیں بریفنگ دی گئی ہے، پہلی بات یہ ہے کہ ریکارڈ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 180 نشستیں جیت چکی ہے، اس کے علاوہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے جس کا ہر فورم پر دفاع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے درخواست ہے کہ یہ مختصر حلقوں اور مقدموں کا معاملہ ہے، ایک حلقہ بڑے مینڈیٹ پر اثر انداز ہے لہذا ہم التماس کرتے ہیں کہ 70 حلقوں کا جلد از جلد فیصلہ کریں کیونکہ کسی کو بھی جعلی مینڈیٹ کے ساتھ حکومت میں آنے کا حق نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ بات بھی چلی کہ ہمیں پیشکش کی گئی ہے کہ ہم پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(نواز) یا ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کوئی حکومت بنائیں، ہم نے خان صاحب کی ہدایت کے مطابق یہ اعلان کیا ہوا ہے کہ ان کے ساتھ کسی قسم کی پاور شیئرنگ نہیں کریں گے۔