فضل الرحمان کے بیٹے کے حلقے میں 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ، فوج تعینات کرنیکی منظوری : این اے 43 ٹانک کم ڈیرہ اسماعیل خان کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر 19 فروری کو دوبارہ پولنگ ہو گی

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کے حلقے این اے 43 میں 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے لیے وفاقی کابینہ نے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 ٹانک کم ڈیرہ اسماعیل خان کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر 19 فروری کو دوبارہ پولنگ ہو گی۔

وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے فوج تعینات کرنے کی منظوری حاصل کی گئی، آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 تحت امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

پولنگ کے موقع پر امن و امان کی ممکنہ خرابی کے پیش نظر ان حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم پولنگ اسٹیشنز پر فوجی دستوں کی تعداد اور تعیناتی کا مقام الیکشن کمیشن طے کرے گا۔

یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داور خان کنڈی نے 63 ہزار556 اور اسعد محمود نے 62 ہزار 730 ووٹ حاصل کیے تھے۔

این اے 43 ٹانک میں مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کے حق میں مسلم لیگ ن اور اے این پی کے رہنما الیکشن سے دستبردار ہو گئے تھے۔