زرداری اور بلاول سمیت مزید 37 امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری سمیت مزید 37 امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز جاری کردیے۔

ملک میں عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب ہونے والے امیدوارو:ں کے نتائج بتدریج جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں آج ہفتے کے روز الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری سمیت قومی اسمبلی کی مزید 37 نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشنز جاری کردیے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 190 تا 224 تمام حلقوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نوٹی فکیشنز کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ این اے 226 اور 228 پر امیدواروں کے الگ نوٹی فکیشنز جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سمیت قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشن جاری کیے گئے تھے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے کراچی اور لاہور سمیت قومی اسمبلی کے 31 حلقوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے تھے، تاہم کراچی سے این اے 238 کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شریف خاندان کے انتخابات میں حصہ لینے والے افراد سمیت لیگی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشنز بھی جاری کردیے ہیں۔