قومی وطن پارٹی کا خیبر پختونخوا میں ڈالے گئے ووٹوں کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ

قومی وطن پارٹی نے خیبر پختونخوا میں ڈالے گئے ووٹوں کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کردیا۔

قومی وطن پارٹی کے پی کے صدر سکندر شیرپاؤ نے پشاور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں بھی ہم نے کہا تھا کہ دھاندلی ہوئی، آج پھر سب پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا ٹرن آؤٹ دکھایا گیا اتنے ووٹ نہیں پڑے، لوگوں کو توقع تھی کہ الیکشن کے بعد استحکام آئے گا لیکن الیکشن کے بعد بےیقینی کی صورتحال میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ ٹھیک نہیں تھا، صوبے میں جو ووٹ پول ہوئے اس کا آڈٹ کرایا جائے۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس کا جائزہ لے کہ یہ سارا ڈرامہ کس نے کیا ہے، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ کس طرح لوگوں کے اعتماد کو بحال کرتا ہے، یہ بھی تحقیقات ہونی چاہیے کہ یہ دھاندلی کس نے کی۔