پاکستان مسلم لیگ ن میں نومنتخب ارکان کی شمولیت کا سلسلہ جاری ، مزید ایم پی ایز نے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
بلوچستان کی صوبائی نشستوں پی بی 41 اور 51 سے نو منتخب آزاد ایم پی ایز ولی محمد اور عبد الخالق نے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے ملاقات کی ۔ انہوں نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے ولی محمد اور عبد الخالق کون لیگ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ نے پاکستان کے استحکام کیلئے کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے، پاکستان کو انتشار نہیں استحکام کی ضرورت ہے۔
صدرن لیگ کا کہنا تھا کہ مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت اور مل کر چلنے سے ہی حل ہو سکتے ہیں، پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی کو اولین تقاضا سمجھتے ہیں۔
جبکہ سابق شہباز شریف کو نومنتخب آزاد ارکان نے وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔
دوسری جانب صوبائی نشست 238 بہاولنگر سےمنتخب آزاد رکن پنجاب اسمبلی انعام باری نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے انعام باری نے ملاقات کی اور پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے۔