سندھ اسمبلی اجلاس : 128منتخب اور 35 مخصوص نشستوں کے ممبران کی حلف برداری : گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، جماعت اسلامی اور جمیعت علمائے اسلام کی جانب سے دھرنا اور احتجاج

سندھ اسمبلی کے ایوان میں ممبران کی کل تعداد 168ہے، 163حلف اٹھائیں گے، سندھ اسمبلی میں128منتخب اور 35 مخصوص نشستوں کے ممبران حلف اٹھائیں گے۔

سندھ اسمبلی کے 4 ممبران کے معاملات مختلف وجوہات کی بنا پر مؤخر ہیں۔

پیپلز پارٹی کے 114، ایم کیو ایم کے36، سنی اتحاد کونسل کے9ارکان حلف لیں گے، مخصوص نشستوں پر پیپلز پارٹی کی 20خواتین اور 6 اقلیتی ارکان حلف لیں گے۔

مخصوص نشستوں پر ایم کیو ایم کی 6خواتین اور اقلیت کے دو ارکان حلف اٹھائیں گے۔

مخصوص نشست پر جی ڈی اے کی ایک خاتون رکن حلف لیں گے، دوسری جانب پی ایس 129 سے حافظ نعیم کی نشست کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا جبکہ پی ایس 80 سے پیپلز پارٹی کے منتخب رکن عبدالعزیز جونیجو انتقال کرچکے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی 9نشستوں پر مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا تھا۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، جماعت اسلامی اور جمیعت علمائے اسلام کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا اور احتجاج کے باعث پولیس کی نفری ایف ٹی سی روڈ کے سامنے موجود ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شارع فیصل کو ایف ٹی سی کے سامنے سے مکمل بند کردیا گیا، تمام ٹریفک کو کالا پل کی جانب موڑا جارہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے نرسری پر بھی ناکہ بندی کردی، پولیس کی بھاری نفری مین شارع فیصل نرسری پر موجود ہے۔

روڈ بلاک اور پولیس کی بھاری نفری موجود ہونے کی وجہ سے شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی شخص کو ریڈ زون میں داخل ہونے نہیں دیں گے۔