جماعت اسلامی کے تحت جعلی نتائج نامنظور مارچ کا آغاز: سندھ اسمبلی کے قریب سیاسی کارکنوں پر تشدد سیاہ باب ہے پُرامن احتجاج آئینی اور جمہوری حق ہے : ترجمان جماعت اسلامی پاکستان

جماعت اسلامی کے تحت جعلی نتائج نامنظور مارچ کا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں  آغاز ہو گیا۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مارچ انتخابات میں دھاندلی پر کیا جارہا ہے، مارچ کا اختتام سندھ اسمبلی پر ہو گا،  حافظ نعیم مارچ کے شرکاء سے خطاب اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اس سے قبل ترجمان جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا تھا کہ سندھ اسمبلی کے قریب احتجاج پر پولیس گردی کی مذمت کرتے ہیں، پُرامن احتجاج سیاسی جماعتوں کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سندھ اسمبلی کے قریب سیاسی کارکنوں پر تشدد ایک اور سیاہ باب ہے، اپنا حق ملنے تک دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا، کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔

ترجمان قیصر شریف کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر عام مارکیٹ سے زیادہ قیمتیں نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، آئی ایم ایف کی ایما پر عوام کو ریلیف پیکج نہیں بلکہ تکلیف پیکج دیا جا رہا ہے، ان اسٹورز کا مقصد عوام کے لیے اشیاء ضروریہ کے حصول کو آسان اور شفاف بنانا ہے، عوام کی مشکلات میں اضافہ آئی ایم ایف کی غیر مشروط غلامی کا نتیجہ ہے۔