خیبر پختونخوا اسمبلی : تحریک انصاف کی خواتین مخصوص نشستوں کی فہرست تیار : ضلع پشاور سے کوئی بھی خاتون فہرست میں شامل نہیں، خواتین کارکنوں کا اسپیکر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین مخصوص نشستوں کی فہرست تیارکرلی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین مخصوص نشستوں کی فہرست تیار کرلی گئی، جس میں سابق ایم پی ایز کو فوقیت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین مخصوص نشستوں پر مشال یوسفزئی اور ان کی 2 خواتین دوست بھی فہرست میں شامل ہیں، چترال کی فوزیہ بی بی کو بھی مخصوص نشست پر لایا جارہا ہے، من پسند خواتین کو دیرینہ کارکن ظاہر کرکے فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔

پارٹی سرگرمیوں میں جاں بحق 2 افراد کے خاندان کی خواتین بھی فہرست میں شامل ہیں، ضلع پشاور سے کوئی بھی خاتون فہرست میں شامل نہیں ہے، خواتین نے اسپیکر ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علی امین گنڈا پور کے کہنے پر 2 اور خواتین بھی فہرست میں شامل ہیں،کلثوم، سابق ایم پی اے عائشہ بانو اور بی بی جان بھی فہرست میں شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ فہرست جمع کرنے سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان منظوری دیں گے۔