ملک کے مختلف علاقوں میں آج مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ پاراچنار شہر سمیت ضلع کے بیشتر بالائی اور میدانی علاقوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے، دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، نوشہرہ اور پشاور میں بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کوہاٹ، بنوں، کرم اور اورکزئی میں بھی بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، گزشتہ روز کالام کا درجہ حرارت منفی 16، مالم جبہ کا منفی 6 اور دیر کا منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پاراچنار شہر سمیت ضلع کے بیشتر بالائی اور میدانی علاقوں پر برفباری
دوسری جانب پاراچنار شہر سمیت ضلع کے بیشتر بالائی اور میدانی علاقوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
سینٹرل کرم اور اپر کرم کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کل شام سے جاری ہے، علاقے میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔
مغربی ہواؤں کا سسٹم شمال بالائی بلوچستان میں داخل
ادھر مغربی ہواؤں کا سسٹم شمال بالائی بلوچستان میں داخل ہوگیا، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، بولان اور خاران شہر میں بارش ہوئی جبکہ زیارت میں برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔
وادی تیراہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کالام میں بھی برفباری ہوئی، جس کے باعث درجہ حرارت منفی 7 تک گرگیا۔
شوگران میں پھسلن ختم کرنے کے لیے سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا گیا۔