مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونیوالی شریف خاندان کی چوتھی شخصیت : خاندانی اور موروثی سیاست کے حوالے سے تنقید کا سامنا

مریم نواز پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون سیاستدان ہیں جو وزیرِ اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئی ہیں۔ 

مریم نواز اس منصب پر فائز ہونے والی شریف خاندان کی چوتھی شخصیت ہیں، ان سے پہلے ان کے والد نواز شریف، چچا شہباز شریف اور چچا زاد بھائی حمزہ شہباز بھی وزیرِ اعلیٰ پنجاب رہ چکے ہیں۔

مریم نواز 28 اکتوبر 1973 کو لاہورمیں پیدا ہوئیں، ان کی شادی مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے ایک سابق فوجی افسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدرسے ہوئی،  مریم نواز دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کی والدہ ہیں۔

مریم نواز مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر ہیں، سیاست میں آنے سے قبل مریم نواز خاندان کی رفاہی تنظیم کے انتظام میں شامل رہیں۔

2012 میں مریم نواز سیاست کی طرف آئیں، 2013 کے عام انتخابات میں انہیں مسلم لیگ ن کی طرف سے انتخابی مہم چلانے کی ذمے داری سونپی گئی، وہ 2013 میں یوتھ پروگرام کی سربراہ بھی رہیں لیکن پھر چند ماہ بعد ہی انہیں ایک عدالتی کارروائی کے بعد اس عہدے سے مستعفی ہونا پڑا، وہ والد کے ہمراہ پاناما کیس میں جیل میں سزا بھی کاٹ چکی ہیں۔

مریم نواز کو خاندانی اور موروثی سیاست کے حوالے سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔