حکومت یا اپوزیشن میں جانے کا فیصلہ ن لیگ سے حتمی مذاکرات کے بعد ہوگا، ایم کیو ایم

ایم کیو ایم پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے حکومت یا اپوزیشن میں جانے کا فیصلہ ن لیگ کے ساتھ حتمی مذاکرات کے بعد کیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے ذرائع ایم کیو ایم نے بتایا کہ ن لیگ نے ہمارے مطالبات سے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات پر حتمی اتفاق کے لیے مذکرات آئندہ دنوں میں ہونے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا بلدیاتی حکومتوں کی خودمختاری اور مضبوطی کے لیے آئینی ترامیم اولین مطالبہ ہے۔ گورنر سندھ اور وزارتوں پر بھی حتمی بات چیت ہونی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب سے قبل مذاکرات کو حتمی شکل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی سے بھی رائے لی گئی ہے کہ حکومت میں شامل ہوا جائے یا اپوزیشن سیٹوں پر بیٹھا جائے، اس حوالے سے فیصلہ حتمی مذاکرات کے بعد کیا جائے گا۔