وزیراعظم کا انتخاب کل، کاغذات نامزدگی آج وصول کئے جائیں گے، ووٹنگ کل ہوگی : قواعد کے تحت کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تجویز اور تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی قرار

عام انتخابات کے بعد نئے وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ آج شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف جبکہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عمر ایوب وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔

انتخابی شیڈول کے مطابق وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذاتِ نامزدگی آج دوپہر 2 بجے تک وصول کئے جائیں گے، کاغذات نامزدگی سہ پہر 3 بجے تک واپس لئے جا سکیں گے۔

وزیراعظم کیلئے کاغذاتِ نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سے لئے جاسکتے ہیں۔

الیکشن قواعد کے تحت کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تجویز اور تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق نے سپیکر جبکہ پیپلزپارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد عہدوں کا حلف اٹھا لیا، اب اگلا مرحلہ وزارت عظمیٰ کے انتخاب کا ہے جس کے لیے ووٹنگ کل ہوگی۔